خبرنامہ پاکستان

نا اہلی مدت کیس، سپریم کورٹ کا اٹارنی جنرل کو آج 4 بجے پیش ہونیکا حکم

نا اہلی مدت کیس

نا اہلی مدت کیس، سپریم کورٹ کا اٹارنی جنرل کو آج 4 بجے پیش ہونیکا حکم

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح سے متعلق 13 درخواستوں پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل کو مقدمات کے لیے نوٹس جاری کیا تھا، وہ عدالت میں موجود کیوں نہیں؟ واضح رہے کہ مذکورہ کیس کی 8 فروری کو ہونے والی گذشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ تسلیم کرتے ہیں آرٹیکل 62 وین ایف مبہم ہے، اس کی تشریح مشکل ٹاسک ہوگا۔
تسلیم کرتے ہیں کہ آرٹیکل 62 ون ایف مبہم ہے، اس کی تشریح مشکل ٹاسک ہوگا: چیف جسٹس
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 5 رکنی لارجر بنچ مذکورہ درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے۔ آج سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ ‘اٹارنی جنرل ہماری اجازت کے بغیر لاہور کیوں گئے؟ ان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہیں۔’ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا کہ ‘اٹارنی جنرل معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے جنازے کے لیے لاہور میں ہیں’۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ‘عاصمہ جہانگیر کی وفات کا بہت صدمہ ہے، یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے، لیکن کسی کے چلے جانے سے کام رُک نہیں جاتے’۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کا آگاہ کیا کہ ‘کل اٹارنی جنرل بیرون ملک جارہے ہیں’۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‘کیا وہ گھومنے پھر نے جارہے ہیں؟’ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا کہ ‘اٹارنی جنرل کیسز کے سلسلے میں بیرون ملک جارہے ہیں’۔ جس پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ‘یہ کوئی اہم کیسز نہیں، ہم ان کی عام چھٹیوں کی درخواست مسترد کرتے ہیں’۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ‘اٹارنی جنرل سے بات کرتا ہوں، وہ آج ساڑھے 4 بجے تک عدالت میں حاضر ہوجائیں گے، آپ 10 ہزار روپے جرمانے والا حکم واپس لے لیں’۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ‘ٹھیک ہے، آپ انہیں بلالیں آج ہم ساڑھے 4 بجے انہیں سنیں گے، یہ اہم کیس ہے’۔ جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ‘ہم آج اٹارنی جنرل کا انتظار کریں گے، وہ خود پیش ہوکر مقدمے میں دلائل دیں’۔ جس کے بعد سماعت میں شام ساڑھے 4 بجے تک کا وقفہ کردیا گیا۔
آئین کا آرٹیکل 62 ون ایف
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ دوسری جانب گذشتہ برس 15 دسمبر کو عدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو بھی نااہل قرار دیا تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کو آئین کی اسی شق یعنی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا تھا۔ آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح: نواز شریف کا عدالتی کارروائی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ جس کے بعد اس بحث کا آغاز ہوا کہ آیا سپریم کورٹ کی جانب سے ان افراد کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا یا یہ نااہلی کسی مخصوص مدت کے لیے ہے۔
اس شق کی تشریح کے حوالے سے سپریم کورٹ میں 13 مختلف درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔
سپریم کورٹ میں یہ درخواستیں دائر کرنے والوں میں وہ اراکینِ اسمبلی بھی شامل ہیں، جنہیں جعلی تعلیمی ڈگریوں کی بنیاد پر نااہل کیا گیا۔ ان درخواستوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا قانون ختم کرکے اس کی مدت کا تعین کیا جائے تاہم واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کے لیے عدالتی کارروائی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 6 فروری کو عدالت عظمیٰ میں جمع کروائے گئے اپنے جواب میں نواز شریف نے موقف اختیار کیا تھا کہ کئی متاثرہ فریق عدالت کے روبرو ہیں، وہ ان کے مقدمے کو متاثر نہیں کرنا چاہتے۔