خبرنامہ پاکستان

نبی پاک صلی اللہ علی و سلم کا پورا اسم گرامی لکھنے کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے لئے اپنی ہر قسم کی نجی اور سرکاری خط و کتابت میں انگریزی زبان میں حضور نبی پاک صلی اللہ علی و سلم کا پورا اسم گرامیMuhammad لکھنے کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کی پابندی ہر ادارے پر لازم ہوگی۔ منگل کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام ذیلی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علی وسلم کے انگریزی میں نام Muhammad کی بجائے Mohd یا Muhd تحریر کرنے سے گریز کیا جائے اور آپ صلی اللہ علی و سلم کے اسم گرامی کے انگریزی زبان میں Muhammad کے مکمل ہجے لکھے جائیں۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس سے پہلے 26 مارچ 1979ء، 12 مارچ 1985، 29 جون 2004ء اور 24 ستمبر 2008ء کو بھی اسی طرح کے نوٹیفیکیشن جاری کر چکی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علی وسلم کے اسم گرامی کے انگریزی زبان میں Muhammad نام کے مکمل ہجے تحریر کئے جانے چاہئیں تاکہ آپ صلی اللہ علی وسلم کی ذات مبارک کے ساتھ محبت کا عملی اظہار ہو سکے۔ یاد رہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علی و سلم کے اسم گرامی کے نامکمل ہجے تحریر کرنا ایک معمول بن گیا ہے جو کہ آپ صلی اللہ علی وسلم کی ذات مبارک سے محبت کرنے والوں کی دل شکنی کا باعث بن رہا ہے۔