خبرنامہ پاکستان

نصاب میں جہاد امریکی ضرورت پر شامل کیا گیا: شیرانی

اسلام آباد:(آئی این پی) اسلامی نظریاتی کونسل نے تعلیمی اداروں میں قرآنی نصاب میں مدنی سورتوں پر مشتمل کتب شامل کرنے کی سفارش کی ہے اور ہیگ معاہدوں کی چھ شقوں کو غیر شرعی قراردیدیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں محمد خان شیرانی کاکہناتھاکہ لاوارث بچوں کو ٹی وی پروگرامز میں لا کر تقسیم کرنا تکریم انسانیت کے خلاف ہے رمضان المبارک میں ٹی وی پر بچوں کا جمعہ بازار لگایا گیا اور شعائر اسلام کی توہین کی گئی۔ مولانا شیرانی کاکہناتھاکہ اسلامی نظریاتی کونسل وزارتِ تعلیم کی طرف سے قرآنی علوم،تعلیمات کو سکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کو سراہتی ہے،نصابِ قرآن پر نظر ثانی اور قابل اصلاح امور کی اصلاح اور مدنی سورتوں پر مشتمل کتب کو بھی مرتب کرنے کی سفارش کی ہے۔ محمد خان شیرانی نے کہا کہ اجلاس میں ہیگ معاہدات کے 45 میں سے 21آرٹیکل کا جائزہ لیاگیا جن میں سے چھ آرٹیکلز کو غیر قانونی اورغیر شرعی قرار دیاگیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے لاوارث بچوں کو ٹی وی شو نیلام گھر میں تقسیم کیئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے اس عمل کو گناہ اور جرم قراردیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کے تحفظ کے لئے ماڈل بل کی تیاری شروع کردی ہے ،بل میں بچوں کی خریدو فروخت کو غیر اسلامی قرار دیا ہے۔ مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ ’ نصاب میں جہاد تب شامل کیا گیا جب امریکہ کو کرائے کے لوگوں کی ضرورت تھی‘ ۔