خبرنامہ پاکستان

نظم و ضبط سے ہی پاکستان ناقابل تسخیر ہوگا، صدر ممنون حسین

نظم و ضبط سے ہی پاکستان ناقابل تسخیر ہوگا، صدر ممنون حسین

اسلام آباد / کراچی:(ملت آن لائن) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ایک مضبوط، طاقتور اور جمہوری ملک ہی ناقابل تسخیر ہوسکتا ہے۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں شریک افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ یوم پاکستان پریڈ افواج پاکستان کے بہترین نظم وضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی عکاس تھی، یہی جذبے اور طرز عمل تمام قومی امور میں ہونا چاہیے کیونکہ ایک مضبوط، طاقتور اور جمہوری ملک ہی ناقابل تسخیر ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکا میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اپنے خطاب میں یومِ پاکستان پریڈ کی شاندار کامیابی پر مبارک بادددیتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ یہ پریڈ نہ صرف پاک فوج کے مثالی نظم و ضبط کی عکاس ہے بلکہ ہماری دفاعی استعداد اور صلاحیتوں کی بھی مظہر ہے، جن پر قوم کو فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پریڈمیں ترکی، اردن اور متحدہ عرب امارات کے دستوں کی شرکت نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا، ثابت ہوگیاہے کہ ہمارے دوست مشکل ہو یا آسانی، ہر دور میں ہمارے قدم سے قدم ملاکر کھڑے ہیں۔
صدر نے کہاکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا یہ مظاہرہ زندگی کے ہر شعبے میں ہونا چاہیے، دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں مسلح افواج اور وطنِ عزیز کے جن دیگر اداروں نے دلیرانہ کردار ادا کیا ہے، اس پر میں آپ سب کو ایک بار پھر مبارک باد دیتا ہوں۔
ممنون حسین نے کہاکہ وطن عزیز میں امن کی بحالی اور ارضِ پاک کے فرزندوں کے تحفظ کیلیے آپ لوگوں نے جوقربانیاں دیں، تاریخ میں انھیں سنہری الفاظ میں رقم کیا جائے گا اور قوم اپنے نوجوانوں پر فخر کرتی رہے گی، ہماری مسلح افواج نے قیام پاکستان سے اب تک مختلف محاذوں پر جنگوں میں تعداد اور مادی وسائل کی کمی کے باوجود دشمن کے دانت کھٹے کیے ہیں یہ کامیابی اخلاص اورحب وطن کے اعلیٰ ترین جذبے کے بغیر ممکن نہ تھی۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، کراچی کی روشنیاں اورامن بحال ہوا ہے۔ وزیراعظم نے اتوار کوکراچی میں بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2013 سے پہلے لوگ کراچی سے باہر منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن آج یہاں رونقیں بحال ہوئی ہیں۔بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے ہوتے ہیں لیکن ہماری کوشش رہی ہے کہ ایسے فیصلے کیے جائیں جس سے معاشی نمو کو یقینی بنایا جاسکے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے توانائی کے بحران پر قابوں پایا ، ملک کے انفرااسٹرکچرکوبہتر کیا ۔ پاک چین اقتصادی راہداری بھی درست سمت میں گامزن ہے اور اس کے بھی ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری یہ بھی کوشیش ہے کہ 6 فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بزنس کمیونٹی سے مشاورت کی گئی ہے اور آئندہ بھی بزنس کمیونٹی سے مشاورت جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت مضبوط ہوگی تو ملک بھی مضبوط ہوگا اور سیاست بھی مضبوط ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ایکسپورٹ بڑھانے اور صنعتوں کو فروغ دینے میں بزنس کمیونٹی کا اہم کردار ہے۔ اس موقع پر بزنس کمیونٹی نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کویقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت ترجیح بنیاد پراقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات کے موقع پر گورنرسندھ محمد زبیر، وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک بھی موجود تھے۔