خبرنامہ پاکستان

نعرے لگانے والے تین سال میں نیا خیبر پختونخوا بھی نہیں بنا سکے :نواز شریف

بنوں:(اے پی پی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بنوں میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا ہے ۔ بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے کہیں نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آرہا ، مخالفین صرف نعروں کی حد تک نیا پاکستان اور نیا خیبر پختونخوا بنانے کی باتیں کر رہے ہیں ، آج بھی اس صوبے میں پرانی سڑکیں ، پرانی عمارتیں ، پرانے سکول اور خستہ حال ہسپتال موجود ہیں جنہیں دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔ آج صوبائی حکومت کو قائم ہوئے تین سال ہوچکے ہیں مگر وہ نیا پاکستان تو ایک طرف نیا خیبر پختونخوا تک نہیں بنا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بنوں میں ہمارے پاس کم سیٹیں ہیں ، یہاں ہماری حکومت بھی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہم یہاں نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں ۔ یہاں کے عوام کو 2013 کے انتخابات میں سنہرے وعدوں کے جال میں پھنسایا گیا مگر عوام کو وعدوں کے جال میں پھنسانے والے اب کہیں نظر نہیں آ رہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینے والے دو سال تک ہماری حکومت کیخلاف دھاندلی کا رونا روتے رہے جس پر سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی ، آج پھر یہی لوگ بائیس سال پرانی باتیں دہرا رہے ہیں ، ہم نے پھر فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑ دیا ہے ، اگر میری حکومت پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوگئی تو میں ایک لمحہ ضائع کئے بٖغیر گھر چلا جائوں گا ۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اب ہمارے مخالفین کو معلوم ہوجائے گا کہ ان کا واسطہ کن سے پڑا ہے ، ہم نے الیکشن میں عوام کے ووٹوں کا مینڈیٹ لیا ہے ، عوام نے ہمارے مخالفین کو شکست دی ہے ، کیا ہم ان کے کہنے پر گھر چلے جائیں ، وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 میں ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا ۔ نہ صرف لوٖڈشیڈنگ ختم ہوگی بلکہ ملک بھر میں بجلی بھی سستی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری کے بننے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں تمام صنعتوں کو چوبیس گھنٹے بجلی اور گیس فراہم کی جا رہی ہے ۔ عوام کو معلوم ہوجائے گا کہ کون لوگ پاکستان کی تخریب کی سیاست کر رہے ہیں ، ہم ملک کی خوشحالی کے ایجنڈے پر یقین رکھتے ہیں ، نیا پاکستان بنانے والے کچھ نہیں کر رہے ، ہم عوام کی خدمت دل و جان سے کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے نورنگ تاگنڈی چوک ، گمبیلا تا کوہاٹ ڈبل روڈ کی تعمیر کا اعلان کیا ، اس کے علاوہ انہوں نے بنوں کے پاور ہائوس کو بڑھا کر 8 میگا واٹ کرنے کا اعلان بھی کیا ، وزیر اعظم نے عوام کے دیرینہ مطالبے پر لکی مروت میں یونیورسٹی ، بنوں انڈسٹریل زون ، اکنامک زون ، کرک انڈسٹریل زون قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بنوں ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان بھی کیا ، انہوں نے بنوں کی ضلع کونسل ، تحصیل کونسل اور ڈومیل کونسل کیلئے بیس کروڑ کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے رائزنگ باران ڈیم کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ۔