خبرنامہ پاکستان

نعیم الحق کی عائشہ گلالئی سے شادی کی بات چیت کی تصدیق

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے عائشہ گلالئی سے شادی سے متعلق بات چیت کی تصدیق کردی ہے۔

عائشہ گلالئی نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ نعیم الحق نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی۔

تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کی جانب سے بھی عائشہ گلالئی سے شادی سے متعلق بات چیت کی تصدیق کی گئی ہے جو انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے کی۔

نعیم الحق کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کہا گیا کہ وہ معافی کیوں مانگیں؟ عائشہ گلالئی کے ساتھ شادی ڈسکس کرنے میں کیا برائی ہے۔

پھراسی اکاؤنٹ سے دوبارہ پیغام دیا گیا کہ عائشہ گلالئی کے لیے شادی کی کوئی باقائدہ پیشکش نہیں تھی جیسا کہ اس نے خود عاصمہ شیرازی سے بات کرتے ہوئے کہا۔

اب تحریک انصاف کے رہ نما شفقت محمود نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی نعیم الحق سے بات ہوئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور ان کے نام سے جھوٹے پیغامات دیئے گئے۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے پارٹی میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں اور عمران خان ایک بدکردار انسان ہیں۔