خبرنامہ پاکستان

نواب اکبربگٹی کیس، مشرف کی میڈیکل درخواست مسترد

کوئٹہ (اے پی پی) بلوچستان ہائی کورٹ نے نواب اکبر بگٹی کیس کے نامزد ملزم پرویز مشرف کی میڈیکل درخواست مسترد کر دی ۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل ڈبل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ کیس میں نامزد ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور مشرف کے وکیل کی جانب سے پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے وکیل سے استفسار کیا کہ نواب اکبر بگٹی کا گناہ کیا تھا کہ آج تک لاش بھی نہیں ملی۔ کیا جج اور اعلی آفسران سزا و جزا سے بالاتر ہیں ؟ مشرف سیاسی پارٹی چلا رہا ہے ، پریس کانفرنس کرتا ہے مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتا۔ کیا ایسے اشتہاری ملزم کی وکالت کا کوئی جواز بنتا ہے ؟ نواب اکبر بگٹی کے صابزادے جمیل بگٹی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مسئلہ تب حل ہو گا جب مشرف عدالت میں پیش ہو گا۔ جمیل بگٹی نے کہا کہ سیکورٹی کا مسئلہ پورے ملک میں ہے مشرف کا یہ جواز قابل قبول نہیں جس کے بعد عدالت نے بگٹی کیس کے نامزد ملزمان کے مفرور ہونے کے اشہارات میڈیا میں دینے کا حکم دیا ۔ ملزمان میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق صوبائی وزیر داخلہ صمد لاسی اور سابق گورنر اویس غنی شامل ہیں ۔ کیس کی سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی ہو گی ۔