خبرنامہ پاکستان

نواز، زرداری اگلے الیکشن میں اتحادی :شیخ رشید

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 2017کو ملکی سیاست کا اہم ترین سال قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف 2018کے انتخابات میں اتحادی ہوں گے ۔ایک ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں انکا کہنا تھا اگر زرداری اور نواز شریف کی تقریر کو دیکھا جائے تو وہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،اس وقت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو پر بھاری ہیں، لہذا بلاول کو چاہیے کہ اپنی والدہ اور نانا کی سیاست کو زندہ کریں، ورنہ ان کے لیے خود سیاسی طور پر زندہ رہنا مشکل ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جب زرداری نوازشریف سے ملیں گے تو وہ ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر مقدمات میں خود کو پرسکون محسوس کرتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ اتحاد میں شامل کریں گے ۔انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن بھی اس اتحاد میں شامل ہوجائیں گے تاکہ سیاست کا دائرہ خیبر پختونخوا تک پھیلایا جاسکے ۔شیخ رشید نے اصرار کیاکہ ن لیگ کی حکومت چاہے کچھ بھی کرلے ، احتساب سے نہیں بچ سکتی اور جلد عدالت سے کرپشن کا جنازہ نکلے گا،نواز شریف کمائی کو جائز ثابت کردیں تو وہ اپنا کیس واپس لے لیں گے ۔ادھر پاناما کیس کی سماعت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا سرکار نے منی ٹریل بتاد ی تو ان کے کیس میں جان ہے ورنہ بے جان ، آرٹیکل62 ، 63 پر 12 ارکان کو نااہل کیا گیا یا تو ان کو واپس بلایا جائے ورنہ نواز شریف کو بھی گھر بھیجا جائے ۔