خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کومعاشی دھماکے کی سزا دینے کی سازش کی جا رہی ہے، سعد رفیق

لاہور(ملت آن لائن)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو سی پیک کے ذریعے معاشی دھماکا کرنے کی سزا دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 99 میں نوازشریف کوعالمی طاقتوں نے ایٹمی دھماکا کرنے کی سزا دی اور اب تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے جہاں نوازشریف کو سی پیک کے ذریعے معاشی دھماکا کرنے کی سزا دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ اس وقت جنرل پرویزمشرف اورجسٹس ارشاد حسن جیسے لوگ کٹھ پتلیاں تھیں اورعالمی طاقتوں کا کھیل پرانا ہے لیکن کٹھ پتلیاں نئی ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید ٹوئٹ میں کہا کہ پہلے نام نہاد الیکشن رگنگ اور پھرغیرقانونی پاناما پیپرز کے نام پر دُھول اُڑانے والے سازش کی رنگ برنگی چھوٹی بڑی کٹھ پُتلیاں ہیں، پاکستان چین ترکی تعلقات میں نٸی گرمجوشی ہمارے مشترکہ دشمنوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ اہلِ پاکستان مستحکم ہوتے پاکستان کے خلاف ذاتی مفادات کے لیے کٹھ پُتلیاں بننے والوں کو پہچانیں۔