خبرنامہ پاکستان

نوازشریف،مریم نواز پروٹوکول،کیس

نوازشریف،مریم نواز پروٹوکول،کیس

لاہور:(ملت آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نااہلی کےباوجود پروٹوکول ملنے پر نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف درخواست کی سماعت پر وفاق،پنجاب حکومت کو آئندہ سماعت پرہرصورت جواب داخل کرانےکا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں نااہلی کےباوجودنواز شریف اور مریم نواز کے پروٹوکول سے متعلق پی ٹی آئی رہنماعندلیب عباس کی درخواست پر جسٹس شاہدکریم نے سماعت کی۔ عدالت نے وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے نااہلی کے باوجود نواز شریف اور مریم نواز کو پروٹوکول دینے سے متعلق جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرانے کا حکم دیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے میاں نواز شریف کو نااہل کیا، اس کے باوجود سابق وزیراعظم پنجاب ہاؤس کا استعمال کر رہے ہیں، ان کے پروٹوکول کے ساتھ 40 گاڑیاں ہیں جو کہ عوام کے پیسے کا ضیاع ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی میں پیشی کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کے پروٹوکول کی مد میں 2.18 ملین خرچ کیے گئے۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف سے پروٹوکول واپس لینے کا حکم دے اور نواز شریف کے پنجاب ہاؤس میں میٹنگز کرنے پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ دو روز قبل احتساب عدالت میں نا اہل وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر نوازشریف کا قافلہ سخت سیکیورٹی حصارمیں احتساب عدالت پہنچایا گیا‘ اس موقع پر کارکنان نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور ان کی حمایت میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر وفاقی وزرا بھی کارکنان سے پیچھے نہیں رہے اور نا اہل وزیر اعظم کی پیشی کے موقع پر پیشی کو یقینی بنایا ۔ اس سے قبل وطن واپسی کے موقع پر اسلام آباد ایئر پورٹ سے نااہل نوازشریف کا قافلہ جب ائیرپورٹ سے باہر نکلا تو شاہانہ انداز میں ایک یا دو نہیں پوری چھپن گاڑیاں ان کے آگے پیچھے تھیں۔