خبرنامہ پاکستان

نوازشریف اورمریم کسی صورت ائرپورٹ سے باہرنہ آنے پائیں:وزارت داخلہ

وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف اورمریم نواز کسی صورت لاہور ائرپورٹ سے باہر نہ آنے پائیں۔

ایون فیلڈریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نوازآج شام نجی ائرلائن کی پرواز ای وائے 0018 سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ پرواز کی لینڈنگ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر شام سوا چھ بجے شیڈول تھی جو اب دو گھنٹے تاخیرکاشکار ہو گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے نواز شریف اورمریم نواز کوائرپورٹ کے اندر سے ہی گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔پنجاب حکومت کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق دونوں مجرموں کو کسی صورت ائیرپورٹ سے باہرنہیں نکلنے دیا جائے گا۔

نواز شریف اورمریم نوازکو گرفتاری کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد منتقل کیا جائےگا۔پنجاب حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کے تحفظ اور امن کی خاطر پھر پور اقدامات کیے جائیں۔نواز شریف اورمریم نواز کے ہمراہ مبصرین کی سیکورٹی بھی یقینی بنائی جائے۔

واضح رہے کہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں پرواز کونیو اسلام آباد ائرپورٹ پر بھی اتارا جاسکتا ہے جہاں اس حوالے سے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔