خبرنامہ پاکستان

نوازشریف دہشتگردوں کوعمران خان چوہے مار رہے ہیں: پرویز رشید

اسلام آباد:(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے فکری ضرب عضب کی ضرورت ہے ، کہتے ہیں وزیر اعظم نواز شریف ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہے جبکہ عمران خان خیبرپختونخوا میں چوہے مار رہے ہیں ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ، اسلحے کی فیکٹریاں اور مواصلاتی نظام کو ختم کیا ، آپریشن ضرب عضب اپنے مقاصد کی تکمیل تک جاری رہے گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی انتہا پسندی سے جنم لیتی ہے ، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے فکری ضرب عضب کی ضرورت ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت خیبرپختونخوا سے دہشت گردوں جبکہ عمران خان چوہوں کا خاتمہ کر رہے ہیں ۔ عمران خان آج کل چوہا سیاست کر رہے ہیں ، پشاور کے علاقے قصہ خوانی میں 25 روپے جبکہ کنٹونمنٹ کے علاقے میں 100 روپے کا چوہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں توانائی اور معاشی بدحالی جیسے چیلنجز کا سامنا تھا ، مسائل حل کرنے کیلئے حکومت نے ڈھائی سال میں اپنا کردار ادا کیا ۔ لوگوں کو رہائشی سہولتیں فراہم کرناحکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔