دبئی:(اے پی پی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نیب کے ساتھ نواز شریف کی ایف آئی اے بھی تویہی کام کررہی ہے جب کہ 18 ویں ترمیم کے خلاف مسلسل کام ہورہا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے نیب کی کارروائیوں پر تنقید کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا ہےکہ نیب کے ساتھ نواز شریف کی ایف آئی اے بھی تویہی کام کررہی ہے، 18 ویں ترمیم کے خلاف مسلسل کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اپنا وزیرکہہ چکا ہے کہ ڈاکٹرعاصم نےکوئی چوری یاکرپشن نہیں کی لیکن اس کے باوجود ڈاکٹر عاصم کو کئی ماہ سے تنگ کیا جارہا ہے۔ بہاولپور میں وزیراعظم نے اپنی تقریب میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب حکام سرکاری افسران کو ڈراتے ہیں اور تصدیق کے بغیر معصوم لوگوں کو تنگ کرتے ہیں جو کہ نا ناقابل برداشت ہے جب کہ نیب کو اپنا کام ذمے داری سے کرنا چاہیے اور چیئرمین نیب ایسی شکایات کا نوٹس لیں۔