خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کا استعفیٰ عمران خان کی مٹھی میں ہے: جاوید ہاشمی

ملتان: (اے پی پی) اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگر عمران کو جلدی ہے تو حکومت سے نکل کر کے پی کے سے استعفیٰ دے دیں اور پیپلز پارٹی سندھ حکومت چھوڑ دے تو نواز حکومت ختم ہو جائے گی لیکن ایسا نہیں ہو گا کیونکہ پرویز خٹک اور ایم پی ایز اور ایم این ایز عمران خان کی بات نہیں مانتے، ملک میں بحران نہیں ہیں لیکن عمران خان نے جمہوریت کو تباہ کرنے کے لئے بحران پیدا کئے، ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا کرنے والوں کا مقصد کسی اور قوت کو سامنے لانا ہے، جوکرز نے اکٹھا ہو کر ملک کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے شیخ رشید کو شیخو جنتری والا قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخو جنتری والا کچھ عرصے بعد حکومت کے خاتمے کے نئے 100 دن کا وقت دے دیتا ہے۔ جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی قیادت نے صحیح طریقے سے جواب نہیں دیا، پاکستان کو چاہئے کہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف احتجاجاً دہلی سے سفیر کو واپس بلا لے، اگر سفیر کو واپس نہ بلایا تو لوگ سمجھیں گے پاکستان کو کشمیر سے زیادہ بھارت سے تعلقات عزیز ہیں۔