خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کل صبح وطن واپس پہنچیں گے

نوازشریف کل صبح وطن واپس پہنچیں گے۔

لندن:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف آج برطانیہ سے روانہ ہوں گے اور کل صبح وطن واپس پہنچیں گے۔ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے وطن واپسی کیلئے ٹکٹ بک کروا لیا ہے۔ وہ آج لندن سے روانہ ہوں گے اور پی آئی اے کی پرواز ’پی کے 786‘ کے زریعہ کل صبح 9 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔

قبل ازیں لندن میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اپنے صاحبزادے سلمان شہباز اور صاحبزادی کے ہمراہ پارک لین فلیٹ پہنچے اور بھابھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ اس موقع پر نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان طویل ملاقات بھی ہوئی جس میں حسن نواز، حسین نواز اور سلمان شہباز بھی موجود تھے۔

ملاقات میں اتفاق رائے ہوا کہ شریف فیملی کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں تاہم خاندان متحد ہے اور سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور نیب کیسز پر بھی مشاورت ہوئی اور طے پایا کہ مریم نواز، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز مل کر کام کریں گے۔ نوازشریف نے تینوں بچوں کے درمیان رابطے بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ نوازشریف کی 3 نومبر جمعے کو احتساب عدالت میں پیشی ہے جبکہ پچھلی سماعت میں پیش نہ ہونے پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے تھے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کینسر میں مبتلا ہیں اور کئی ماہ سے لندن میں زیر علاج ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کو کیمو تھراپی کے لیے ہارلے اسٹریٹ کلینک لایا گیا جہاں نواز شریف اور حسن نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کلثوم نواز کو طبعیت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا

بیگم کلثوم کی یہ دوسری کیموتھراپی ہے اور ان کی پہلی کیمو تھراپی تین ہفتے قبل ہوئی تھی۔