خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کیلئے (ن) لیگ کے آئین میں تبدیلی

نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کیلئے (ن) لیگ کے آئین میں تبدیلی

اسلام آباد(ملت آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے پارٹی آئین میں ترمیم کرتے ہوئے تبدیلی کر دی جس کےبعد میاں نوازشریف کے پارٹی صدر بننے کے واضح امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر سردار یعقوب کی زیر صدارت (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہورہا ہے جس میں شہبازشریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت وفاقی وزرا بھی موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں میاں نوازشریف اور چوہدری نثارشریک نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ نے پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد میاں نوازشریف کے پارٹی صدر بننے کے واضح امکانات روشن ہوگے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے آئین کے تحت کوئی بھی نااہل یا ایسا شخص جو ممبر قومی اسمبلی بننے کا اہل نہیں وہ پارٹی کا عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا لیکن اب پارٹی کے آئین کے آرٹیکل 120 کی ذیلی شق 3 میں تبدیلی کے بعد ترمیم کردی گئی ہے جس کے تحت نااہل شخص پارٹی عہدہ رکھ سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اس ترمیم کی پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس سے توثیق کرائی جائے گی اور الیکشن بل 2017 قومی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں نوازشریف کو باضابطہ پارٹی صدر مقر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر مشاہد اللہ نے نوازشریف پر اعتماد کی قرارداد بھی پیش کی جو منظور کرلی گئی، قرار داد میں نوازشریف کی بطور وزیراعظم کارکردگی اور ان کے چار سالہ دور میں ترقیاتی کاموں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

جب کہ اس دوران وزیرداخلہ احسن اقبال نے احتساب عدالت میں آج پیش آنے والے واقعات پر بریفنگ دی۔