خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کی بادشاہت میں احتساب ممکن نہیں، اورنج ٹرین کمیشن کے لئے ہے: عمران

جلالپور پیروالا (این این آئی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ضمیر کا سودا کرنے والے اور بکنے والے لوگ کبھی عوام کے ساتھ کھڑے نہیں ہو سکتے۔ حکومتی پالیسیوں سے عوام مقروض ہوگئے۔ میٹرو اورنج لائن منصوبے پر کمشن بنایا جارہا ہے۔ عوام کے پاس تعلیم نہیں‘ ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات میسر نہیں جبکہ حکمرانوں کے بیٹے باہر بیٹھ کر غریب عوام کے پیسوں سے جائیدادیں بنا رہے ہیں۔ ملکی تاریخ میں آج سب سے زیادہ بیروزگاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے کسانوں کا معاشی قتل کیا۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے۔ شریف برادران نے ملک کو تباہ کر دیا۔ جمہوریت جتنی بہتر ہوتی ہے‘ اتنی ہی خوشحالی آتی ہے۔ لیکن ہمارے ملک میں بادشاہت رائج ہے۔ نوازشریف کی بادشاہت میں احتساب ممکن نہیں۔ بادشاہت سے تنگ تمام لوگ نئے پاکستان کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔ موجودہ نظام میں ہر فراڈ کرنے والا وزیراعظم بن جاتا ہے۔ اتوار کو جلال پور پیروالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چند دن پہلے پیپلزپارٹی کا ایک شخص پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے شاہ محمود قریشی کے پاس آرہا تھا‘ لیکن راستے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا فون آگیا۔ وہ شخص واپس گیا اور (ن) لیگ کا ٹکٹ لے لیا۔ نوازشریف اور شہبازشریف ہمارے امیدوار غلام عباس کے ضمیر کو نہیں خرید سکتے۔ جلالپور کے عوام اکیلے نہیں‘ تحریک انصاف ان کے ساتھ ہے۔ 200 ارب روپے کی 27 کلو میٹر پر محیط اورنج لائن ٹرین منصوبے پر صرف پیسے بنائے جائیں گے اور حکمران کمشن کا پیسہ باہر لے جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں نے تمام ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے چھانگا مانگا میں سیاستدانوں کی قیمت لگائی‘ ضمیر خریدے۔ عوام 17 تاریخ کو بلے کو ووٹ دیکر کامیاب کروائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے دھڑوں‘ لوٹوں کو ہرانا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں سے عوام مقروض ہونگے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کو نظریاتی سیاست کی بنیاد رکھنے جلالپور پیروالا لایا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی نے نظریاتی سیاست کا جنازہ نکال دیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے انسانوں کو ترجیح نہیں دی۔ تحریک انصاف میں کوئی مضبوط خاندان نہیں۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کو حق دلاکر رہے گی۔ کسان پیکیج ڈرامہ ہے۔ کسی کو کوئی چیک نہیں ملا۔