خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کی پاکستان ائیرلائنز کے لئے بہترین خدمات کی فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان ائیر لائنز (پی آئی اے) کے لئے بہترین کیبن عملہ اور کیٹر نگ خدمات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے تا کہ اعلی خدمت کے معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔ وہ جمعہ کو پی آئی اے کے امور کار کے بارے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار ،سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہی اور سینئر حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم کو پی آئی اے کے امور کار بالخصوص انسانی وسائل سے متعلق اقدامات کے بارے آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال مارچ کے دوران پی آئی اے کا ملکی مارکیٹ میں حصص گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 47فیصد سے 58فیصد تک بڑھا ہے جبکہ ائرلائن کے بین الاقوامی مارکیٹ میں حصص میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 23سے 27فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مارچ 2015ء میں یومیہ 94روانگی پروازوں کی تعداد مارچ 2016ء میں بڑھ کر 121پروازیں ہو گئیں۔ عمرہ کیلئے مارچ 2016ء کے دوران 71اضافی سیکشن مامور کئے گئے جو گزشتہ سال اسی مدت میں 27تھے جبکہ مارچ 2016ء کے دوران 508453مسافروں کو لے جایا گیا، گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ تعداد 414392تھی اور اس طرح 23فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ’’نیو لین آرگنائزیشن سٹرکچر‘‘ کی منظوری دی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انونٹری کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے مکمل طور پر خودکار نظام کے ساتھ سنٹرل ریزریشن کنٹرول کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔