خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کی چین کی کیمونسٹ پارٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن ژانگ چن ژیان سے ملاا قات

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مقصد پاکستان اور خطے کے عوام کی خوشحالی اور فلاح ہے، توانائی کے منصوبوں سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا، صنعتی اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور غربت اور بے روزگاری میں کمی آئے گی، گوادر کی بندرگاہ کو پاکستان کی ترقی کا گیٹ وے بنائیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں چین کی کیمونسٹ پارٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن ژانگ چن ژیان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون موجود ہے اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے خیالات یکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی مشترکہ اصولوں اور مفاد پر مبنی ہے اور یہ مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے لئے امداد فراہم کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین حکومتی اور عوام کی سطح پر قریبی اور خوشگوار تعلقات کی ایک طویل اور شاندار تاریخ موجود ہے۔ پاکستان کی سلامتی، تجارت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے چین کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کا مستقبل مشترک ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ سب سے بڑا اور جامع منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کئی ترقیاتی منصوبوں کا مجموعہ ہے اور اس کا مقصد ملک کے شہریوں اور بالعموم خطے کی خوشحالی اور فلاح و بہبود ہے، سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے توانائی کے منصوبوں سے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا، صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی اور اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ ہو گا جس سے بے روزگاری اور غربت میں کمی آئے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کر رہے ہیں۔ سی پیک کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے چینی قیادت کی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم دوطرفہ تعلقات کو بلندیوں تک لے جانے کیلئے چینی قیادت کی ممنون ہے۔ ژانگ چن ژیان نے پاکستان سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے وزیراعظم کے عزم کو سراہا اور کہا کہ چین کی قیادت معیشت کی حالت بہتر بنانے اور امن اور سلامتی برقرار رکھنے کیلئے موجودہ حکومت کی کارکردگی سے بہت متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت کو سی پیک کیلئے وسیع تر عوامی حمایت پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم کی قیادت میں بہت اہم اور بنیادی تبدیلیاں دیکھ رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ایک انتہائی قابل رہنما اور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کرنے کیلئے ہمیں ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم گوادر کی بندرگاہ کو پاکستان کی ترقی کا گیٹ وے بنائیں گے، کاشغر کو گوادرکے ساتھ ملانا اقتصادی راہداری کا اہم مقصد ہے اس سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر صنعتی اور اقتصادی ترقی ہو گی۔ چینی وفد میں پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈانگ اور چین کے خارجہ امور کے معاون ڈائریکٹر جنرل ژانگ کانگ چاؤ شامل تھے جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔