اسلام آباد:(ملت آن لائن) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس میں استغاثہ کے آخری گواہ کا بیان آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر محمد کامران آج مسلسل تیسرے روز بیان قلمبند کرائیں گے، عدالت نے نوازشریف کو آج بھی طلب کر رکھا ہے۔
ذائع کے مطابق نوازشریف آج عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے، نوازشریف کے وکیل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔
سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی، سماعت میں تفتیشی افسر محمد کامران کا بیان قلمبند کیا گیا۔
کمرہ عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی، اقبال ظفر جھگڑا، راجہ ظفر الحق، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، طارق فاطمی اور آصف کرمانی بھی موجود رہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے رکھی ہے۔