خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کی واپسی سے کچھ لوگوں کو مایوسی ہوئی: مریم نواز

نوازشریف کی واپسی سے کچھ لوگوں کو مایوسی ہوئی: مریم نواز

لاہور: (ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی لاہور کے حلقے این اے 120 میں شکریہ مہم کے سلسلے میں دورہ، حلقہ کے لوگوں نے شاندار استقبال کیا۔ مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو لوگ سمجھتے تھے نواز شریف واپس نہیں آئیں گے انہیں مایوسی ہوئی، شریف خاندان میں رنجش کی توقعات رکھنے والوں کو شرمندگی ہوگی۔ انہوں نے کہا اقتدار سے کسی کو باہر رکھنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں، یہ اللہ اور اس کے بعد عوام کے فیصلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سوچتے تھے نواز شریف پر کرپشن ثابت ہوگی اس میں کوئی حقیقت نہیں، ایسے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، ن لیگ دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔
قبل ازیں مریم نواز بیگم کلثوم نواز کے انتخابی حلقے این اے 120 کے علاقے مزنگ میں پہنچی تو لیگی کارکنان نے گل پاشی کر کے انکا استقبال کیا، مریم نواز نے حلقے کے کارکنان اور بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور عوام کے مسائل سنے، لوگوں نے مریم نواز کو مسائل کے حوالے سے درخواستیں بھی دیں۔
سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اور رہنماء مسلم لیگ نون مریم نواز نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی پالیسی پر بیان دینے کا اختیار پارٹی قیادت کو ہے، میں نے پارٹی میں سنیارٹی لائن کبھی عبور نہیں کی لیکن نون لیگ ایک جمہوری پرٹی ہے اور مجھے بھی رائے دینے کا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی میں قوم کے سامنے سرکس لگائی گئی، ہم نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی میں تمام ثبوت دیئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر والیم 10 میں کچھ ہوتا تو اقامہ پر فیصلہ نہ آتا۔

امریکی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ پارٹی یاخاندان میں اختلافات کی باتیں بے بنیادہیں، یہ منقسم گھرانہ نہیں، شریف فیملی خاندانی اقدار پر بہت فخر محسوس کرتی ہے۔