خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کے وکیل نے احتساب عدالت کے جج پراعتراض اٹھادیا

العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں نوازشریف کے وکیل نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر پراعتراض اٹھا دیا۔ آج کی سماعت میں عدالت نے نوازشریف کو حاضری سے مزید تین روز کا استثنٰی دے دیا۔ جج نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے دوران صحافیوں کی کوریج کی اجازت نہ ملنے پر معذرت بھی کرلی۔

احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ وکیل صفائی خواجہ حارث نے جج پراعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آپ ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلہ دے چکے ہیں اس لیے دوسرا کیس نہیں سن سکتے۔

وکیل صفائی نے استدعا کی کہ اب دونوں ریفرنسز کسی اورعدالت میں منتقل کر دیےجائیں جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ ریفرنسز منتقل کرنے سے متعلق ہائیکورٹ کو درخواست لکھنا ہوگی۔سپریم کورٹ کو درخواست میں بھی آپ کا اعتراض شامل کرلیں گے ۔

خواجہ حارث نے نوازشریف کی جانب سے پانچ روز کیلئے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائرکی جبکہ لندن میں زیرعلاج کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کا تازہ میڈیکل سرٹیفیکٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کو حاضری سے مزید تین روز کیلئےاستثںیٰ دے دیا۔

دوران سماعت جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے میں صحافیوں کو کوریج کی اجازت نہ دینے پر چائے کی آفر کے ساتھ معذرت کرلی۔ بولے کہ فیصلے کے دن کچھ غلط فہمی ہو گئی تھی۔

احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی۔