خبرنامہ پاکستان

نواز ثبوت دینے میں ناکام رہے’عمران خان

نواز ثبوت دینے میں ناکام رہے’عمران خان

دھوڑ کوٹ: (ملت آن لائن) عمران خان نے بہاولپور کے علاقے دھوڑ کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں چھانگا مانگا جیسے 40 جنگلات اگائے جبکہ پنجاب حکومت نے کول پاور پلانٹ لگا دیئے، آلودگی مزید پھیلے گی، اقتدار میں آ کر جنگلات اگائیں گے اور ماحول کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلی بار پورے پاکستان میں درخت لگائیں گے، کسان خوشحال ہوتا ہے تو ملک خوشحال ہوتا ہے، بھارت میں حکومت کسان کی مدد کرتی ہے، اقتدار میں آ کر کسانوں کیلئے بہترین پالیسیاں بنائیں گے،
چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین نے اپنے کسانوں کی مدد کی، تحریک انصاف سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کو دے گی اور اپنے کسانوں کو سہولتیں دے گی۔ عمران خان نے کہا کہ کرپشن قوموں کو تباہ کر دیتی ہے، مغرب میں بیروزگار نوجوانوں کو الاؤنس ملتا ہے، پاکستانیوں نے دبئی میں 800 ارب کی جائیدادیں خریدیں، 800 ارب پاکستان میں خرچ ہوتا تو بے روزگاری کم ہوتی، حکمران پیسہ چوری کر کے بیرون ملک لے جاتے ہیں، قرضوں کا پیسہ چھوٹا سا کرپٹ ٹولہ چوری کر کے باہر لے گیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑے چور یہاں سے پیسا باہر لےجاتے ہیں اور لندن دبئی میں محلات بناتے ہیں، شریف خاندان نے غیر قانونی طور پر شوگر ملیں بنائیں جب کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کوپورا موقع دیا مگر نواز شریف نے جھوٹ بھی بولا اور جعلی کاغذات بھی دیے لیکن اب چوری کی دولت کو بچانے کیلیے عدلیہ پر حملے کررہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن قوموں کو تباہ کردیتی ہے، قوم کے پاس اپنے بچوں کو پڑھانے کیلیے پیسے نہیں ہوتے جب کہ جس پارٹی کے سربراہ کا پیسا باہر ہو الیکشن میں اسے ووٹ نہیں دینا۔ انہوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ قوم کے مجرم کو پروٹوکول کیوں دے رہے ہیں۔