خبرنامہ پاکستان

نواز شریف سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات مشکل سے نکلنے کا وظیفہ بتایا

نواز شریف سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات۔ مشکل سے نکلنے کا وظیفہ بتایا

لاہور: (ملت آن لائن)نواز شریف سے مولانا طارق جمیل کی جاتی امراء میں ملاقات، بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا، مولانا طارق جمیل نے سابق وزیر اعظم کو مشکلات کے حل کیلئے وظیفہ بھی بتایا۔ مولانا طارق جمیل نے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی۔ مولانا طارق جمیل نے مشکل صورتحال کیلئے وظیفہ اور صدقہ بھی تجویز کیا۔ ملاقات میں مولانا طارق جمیل نے نواز شریف کو رائیونڈ اجتماع میں شرکت کی دعوت دی جو سابق وزیر اعظم نے قبول کر لی۔ نواز شریف اتوار کے روز اجتماع میں شرکت کریں گے۔ ملاقات کے بعد مولانا طارق جمیل رائیونڈ سے روانہ ہو گئے۔

نوازشریف نے پارٹی رہنمائوں، ارکان پارلیمنٹ کو عہدیداروں اور کارکنوں سے رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور وہ خود عوامی رابطہ مہم 19 نومبر کو ایبٹ آباد سے شروع کریں گے جس کے بعد تین مزید جلسے خیبرپختونخوا میں کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ ن کے اعلیٰ مشاورتی اجلاس میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک، نوازشریف کیخلاف سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا بالخصوص پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے قبل ازوقت انتخابات کے مطالبہ پر غورکیا گیا۔ نوازشریف نے ہدایت کی کہ آج سے آئندہ انتخابات کیلئے تیاری شروع کردی جائے ۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نوازشریف نے اپنے آپ کو جیل جانے کیلئے ذہنی طورپر تیار کرلیا ہے اس سلسلہ میں انہوں نے شریف خاندان کے دیگر افراد مریم نواز، سینئر رہنمائوں سے مشاورت بھی کی ہے ۔ نوازشریف اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں خواہ نتائج کچھ بھی ہوں- اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے استفسار کیا کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہو گا،نوازشریف کیخلاف مسلسل فیصلے آرہے ہیں جو پارٹی کو قبول نہیں،اس صورتحال کا مقابلہ کیسے کیا جائے گا پارٹی رہنمائوں پر واضح کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم خاصے پریشان دکھائی دیئے اور ان کا لب ولہجہ کافی تلخ تھا ۔ انہوں نے پارٹی رہنمائوں کو الیکشن سمیت ہر قسم کے حالات کے مقابلہ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔