خبرنامہ پاکستان

نواز شریف عوام کی آنکھوں کا تارا بنے گا، خواجہ آصف

نواز شریف عوام

نواز شریف عوام کی آنکھوں کا تارا بنے گا، ہم آج بھی سُرخرو ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم آج بھی سُرخرو ہیں، نواز شریف کو جتنا دباؤ گے اتنا عوام کی آنکھوں کا تارا بنے گا، عوام کے ووٹ کی حرمت تک انہیں کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج سے 20 سال پہلے بھی نواز شریف کو نا اہل کیا گیا تھا، پہلے بھی نوازشریف کو قید کی سزا سنائی گئی تھی، انہیں ایک بار نہیں کئی بار آزمائشوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تاحیات نا اہل کر دیا مگر لوگوں کے دلوں سے کیسے نکالو گے، عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں ان محبتوں کو کیسے ختم کرو گے، جب تک خلق خدا کے ووٹ کی حرمت قائم نہیں ہوگی ہم اسی طرح بھٹکتے رہیں گے، 70 سال میں خطے میں ایک بھی ایسا حکمران نہیں جو 3 بار وزیر اعظم بنا ہو۔
سپریم کورٹ نے نوازشریف اور جہانگیرترین کو تاحیات نا اہل قرار دے دیا
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ آج 30 سال بعد بھی نواز شریف کا سکہ چلتا ہے کسی اور کا نہیں، یہ وقت گزر جائے گا مگر خلق خدا کی آواز بلند رہے گی، الیکشن آنے والے ہیں تیاری ہورہی ہے کہ عوام کی آواز کو دبا دیا جائے، عام انتخابات میں عوام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لوگ رخصت ہوگئے مگر نواز شریف آج بھی دلوں میں حکمرانی کر رہا ہے، یہ لازوال محبت پاکستان میں نوازشریف کے سوا کسی کو بھی نصیب نہیں ہوئی، ان پر اللہ ہمیشہ مہربان رہا ہے اللہ اب بھی مہربان ہے اور ہمیشہ رہے گا، نوازشریف کی صورت میں ان کی بیٹی قیادت کرنے آئی ہے۔
نوازشریف کو وزیراعظم بن کراتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی اب ملی، خواجہ آصف
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام زندہ ہیں اور اپنے حق کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، ہم کٹ جائیں گے مگر ہتھیار نہیں ڈالیں گے، نوازشریف سے آزمائشیں لینے والے ماضی کا حصہ بن گئے۔