خبرنامہ پاکستان

نواز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب

نواز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کسی بھی عہدے کے لئے نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا بلا مقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تقریب جاری ہے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجا ظفرالحق، سرتاج عزیز اور یعقوب ناصر بھی شریک ہیں۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری، امیر مقام، صابر شاہ اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی اسٹیج پر موجود ہیں۔

پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے امیر افضل مندوخیل نے ریٹرننگ آفیسر اور راجا نیازی نے سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔

وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے، طارق فضل چوہدری نواز شریف کے تجویز کنندہ اور رانا افضل تائید کنندہ تھے۔

پارٹی صدرکے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 9 بجے تک وصول کیے جانے تھے تاہم نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

مسلم لیگ ن نے انتخابی اصلاحات بل 2017 سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کرایا جس کی منظوری صدر مملکت ممنون حسین نے بھی دی جس کے بعد نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ بن سکے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی سربراہ بنانے کے لئے گزشتہ روز پارٹی کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر کی زیر صدارت جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم کی توثیق کی گئی۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ پارٹی آئین ترمیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی تھی جب کہ اجلاس میں نواز شریف پر اعتماد کے اظہار کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔