خبرنامہ پاکستان

نواز شریف نے چوری کی ، وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں: شیخ رشید

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے چوری کی ہے وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں‘ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وہ نواز شریف کو نااہل قرار دے‘ دو نومبر کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے راولپنڈی کے سب اسٹیشنز اور ایئرپورٹ کو بند کردیا جائے گا۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے میں نے کہا وزیراعظم کو شوکاز نوٹس دیں۔ میری درخواست قبول کرکے وزیراعظم کو نوٹس جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کی دستاویز میں مریم نواز کو زیر کفالت ظاہر کیا گیا ۔نواز شریف رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں اپنا کیس آج خود لڑا ہوں اور میری سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وزیراعظم کو نااہل قرار دیا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وزیراعظم کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے دو نومبر کو سب سٹیشنز اور ایئرپورٹ بند کردیں گے۔ عوام نواز شریف سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ غریب آدمی کو پچاس اور نواز شریف کو بیس روپے فی کلو آٹا مل رہا ہے۔