خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کا طیارہ لندن کیلئے پرواز بھرنے کے بعد رن وے پر واپس آگیا

نواز شریف کا طیارہ لندن کیلئے پرواز بھرنے کے بعد رن وے پر واپس آگیا

لاہور(ملت آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف کا لندن روانگی کے لئے طیارہ پرواز بھرنے کے بعد دوبارہ رن وے پر آگیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی کی فلائٹ پی کے 757 طیارے نے لندن کے لئے پرواز بھری لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارہ دوبارہ رن و ے پر آگیا۔

نواز شریف کے ہمراہ ان کے سیکریٹری محمد حنیف خان اور مسلم لیگ برطانیہ کے صدر زبیر گل بھی ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف جس طیارے میں سوار تھے اس میں ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد طیارے کو دوبارہ ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے سے بیمار شخص کو اتار کر اسے 12 بجے دوبارہ لندن کے لئے روانہ کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف لندن میں اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی بیمار پرسی کریں گے اور چند روز وہیں قیام کریں گے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کے لئے وہ لندن میں موجود ہیں۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز زیرسماعت ہیں اور عدالت نے انہیں 9 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے جب کہ ان کے ٹکٹ پر وطن واپسی کی تاریخ 4 جنوری 2018 درج ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کی عیادت کے لئے اس سے قبل بھی لندن گئے تھے اور 25 ستمبر کو واپسی پر وہ پہلی مرتبہ 26 ستمبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔