خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کا نیب کی طلبی پر پیشی سے انکار

نواز شریف کا نیب

نواز شریف کا نیب کی طلبی پر پیشی سے انکار

اسلام آباد: (ملت آن لائن) نیب راولپنڈی نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو آج اپنے دفتر طلب کیا تھا۔ نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ میں ضمنی ریفرنسز داخل کیے جانے تھے جبکہ ضمنی ریفرنسز میں ان کا بیان بھی ریکارڈ کیا جانا تھا۔ سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ نیب نے ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انھیں ہفتے کے روز نیب راولپنڈی کے دفتر طلب کیا تھا، اس موقع پر نواز شریف کا بیان ریکارڈ کیے جانے کا امکان تھا۔ نواز شریف نے نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ معاملہ عدالت میں ہے، وہیں پر صفائی پیش کروں گا۔ خیال رہے کہ نیب راولپنڈی نے نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں طلب کر رکھا ہے، نواز شریف 13 فروری کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ نیب کی جانب سے نواز شریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز داخل کیے جانے ہیں۔ ضمنی ریفرنس داخل کرنے کا فیصلہ برطانیہ اور سعودی عرب سے حاصل نئے شواہد کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ دونوں مقدمات کے ضمنی ریفرنسز آئندہ ہفتے احتساب عدالت میں دائر کئے جائیں گے۔ ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کے خلاف نئے گواہوں کے بیانات قلمبند ہوں گے۔ نواز شریف کو عبوری ریفرنس دائر کرنے سے پہلے بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ نیب نے حسین نواز کا اینکر پرسن حامد میر کیساتھ انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ بھی حاصل کر لیا ہے جسے ضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا جائے گا۔