خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کا وزیراعظم کے قوم سے حالیہ خطاب پر ردعمل دینے سے گریز

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے سعودی امداد اور وزیراعظم عمران خان کے قوم سے حالیہ خطاب پر رد عمل دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطاب سنا ہی نہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف آج فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے نواز شریف سے وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز کیے گئے خطاب کے حوالے سے سوال کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘کان کھول کر سن لیں، کسی کو این آر او نہیں ملے گا’۔

تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف نے جواب دیا کہ وہ ٹی وی کم ہی دیکھتے ہیں، انہوں نے خطاب سنا ہی نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے بڑا پیکج ملنے پر اپنے خطاب میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب اگر آئی ایم ایف کے پاس گئے بھی تو اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کریں گے۔

وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ کرپشن کو بچانے کے لیے جلسے جلوس کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دباؤ ڈال کر این آر او لے لیں، لیکن سب کان کھول کر سن لیں کہ سڑکوں پر آنا ہے تو ہم کنٹینر دینے کو تیار ہیں لیکن میں کسی کرپٹ آدمی کو نہیں چھوڑوں گا اور انہیں جیلوں میں ڈالوں گا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی دونوں حکومتوں کو سابق صدر پرویز مشرف نے دباؤ میں آکر این آر او دیئے، یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں بھی ڈرائیں دھمکائیں گے اور ہم انہیں این آر او دے دیں گے، یہ لوگ جو مرضی کرلیں ہم نے ملک میں احتساب کا عمل لے کر آنا ہے۔