خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کا ڈراما سویلین بالادستی کیلئے نہیں، بلاول بھٹو

نواز شریف کا ڈراما

نواز شریف کا ڈراما سویلین بالادستی کیلئے نہیں، بلاول بھٹو

کراچی:(ملت آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا ڈراما سویلین بالادستی کیلیے نہیں، خود کو بچانے کیلیے تھا۔ کراچی ٹھٹھہ کیرج وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چیف جسٹس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ چیف جسٹس متاثر نہيں ہوئے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک کو درپیش مسائل حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی ہی دہشت گردی ختم کرسکتی ہے اور خارجہ پالیسی سنبھال سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم 2009 سے سندھ حکومت کے تحت غربت کے خاتمے کے پروگرام پر کام کررہے ہیں جس سے اب تک ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا جاچکا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے دل کے اسپتال یعنی جناح اسپتال کو مکمل طور پر مفت بنادیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کینسر کے علاج کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے، یہ پاکستان کی واحد سائبر نائف ٹیکنالوجی کی مشین ہے، دنیا میں صرف 200 ایسی مشینیں ہیں اور ہم یہ سہولت 100 فیصد مفت فراہم کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ اگر کسی نے خدمت کی ہے تو پی پی پی اور سندھ حکومت نے کی ہے، ن لیگ نے صرف اشتہارات پر خرچہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میٹرو بس تو بنالی لیکن پنجاب میں صرف ایک ہی اسپتال قائم کیا اور وہ بھی نامکمل ہے۔