خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے پاناما کیس میں فیصلے کے بعد میاں نواز شریف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نوٹیفیکیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا اور نواز شریف کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کی رکنیت منسوخ کردی گئی۔

اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا۔

اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف اقامے کی وجہ سے نااہل ہوئے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجازافضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ کورٹ نمبر ایک میں فیصلہ سنایا۔

جسٹس اعجاز افضل خان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ بینچ کے پانچوں ججوں نے وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا۔ وزیراعظم نوازشریف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نا اہل قرار دیا گیا۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہےکہ وہ فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹی فکیشن جاری کرے۔

عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا۔

فیصلے کے بعد وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیصلے پر حیرانی نہیں لیکن افسوس ضرور ہوا۔

فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا ’ اگر پاکستان کے سیاسی، جمہوری اور تاریخی پسمنظر میں دیکھا جائے تو آج کے فیصلے پر حیرانگی نہیں لیکن افسوس ضرور ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے، سیاست اور دوسرے طریقوں سے جب جب نواز شریف کو سیاسی منظر سے ہٹایا گیا، پاکستان کی عوام پہلے سے زیادہ تعداد میں اور پہلے سے زیادہ محبت سے انہیں اقتدار میں واپس لائی ہے۔