خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کی قیادت میںملک ترقی کیطرف گامزن ہے، برجیس طاہر

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمدنواز شریف کی قیادت میں موجود ہ حکومت تیزی سے وعدوں کی تکمیل کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن کے موقع پر مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی ستر فیصد تکمیل ہو چکی ہے اور باقی ماندہ مدت میں عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر کے مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں امن وامان کی بحالی ،معیشت میں استحکام اور ترقی اور توانائی بحران پر قابو ایسے چیلنجزز تھے کہ ان پر اس موثر اور احسن انداز سے قابوپانا محمدنواز شریف کی اعلیٰ اور تحمل مذاج قیادت کے بغیر ناممکن وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے ہی وعدوں میں ایک وعدہ محمدنواز شریف نے 2013ء کے الیکشن کے موقع پر موٹروے ایم تھری پر سانگلہ ہل انٹر چینج کی تعمیر سے متعلق تھا جس کا افتتاح آج وزیر اعظم کرنے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس انٹرچینج کی تعمیر سے ضلع ننکانہ ،شیخوپورہ ،حافظ آباد فیصل آباد کے علاقوں کو بے پناہ فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس انٹرچینج کو استعمال میں لاتے ہوئے اس علاقے کے عوام تعلیم و صحت کی بہتر سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس انٹر چینج کی تعمیر سے ان علاقوں کا بڑے شہروں سے رابطہ زیادہ فعال اور موثر ہو جائے گا جس کا ان اضلاع کی معیشت اور زراعت پر بڑے مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹروے M-3 پر سانگلہ ہل انڑچینج کی تعمیر و سیاحت کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب سکھ اقلیتی برادری کے لیے بڑا مقدس مقام ہے لہذا سکھ اقلیتی برادری کی خصوصی سہولت کے لیے محمدنواز شریف نے اس انٹر چینج کو ترجیجی بنیادوں پر مکمل کروایا ہے تاکہ ایک طرف تو سکھ اقلیتی برادری محفوظ اور آرام دے سفر کی بدولت اس انٹر چینج سے مستفید ہوگی تو دوسری جانب سیاحت کا مزید فروغ بھی ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ سکھ برادری اور علاقے کے عوام کی سہولت کی خاطر وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے سانگلہ ہل تا ننکانہ صاحب سٹرک کی تعمیر کی بھی منظوری دی ہے جس پر ایک ارب سے زائد لاگت آئے گی۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل موجودہ حکومت کا وہ اثاثہ اور خاصہ ہے جو اس کو اگلی مدت کے لیے 2018ء کے الیکشن میں کامیاب کروائے گا اور مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت ایک بار پھر عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ باقی معینہ مدت میں مسلم لیگ (ن) ترقیاتی کاموں کی تکمیل جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو معاشی لحاظ سے ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان دیا جاسکے۔