خبرنامہ پاکستان

‘نواز شریف کی نظر میں وزیراعظم منتخب ہونے والا قانون سے بالا ہوتا ہے’

‘نواز شریف کی نظر میں وزیراعظم منتخب ہونے والا قانون سے بالا ہوتا ہے’

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نظریہ منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری، اثاثوں کا چھپانہ اور پارلیمنٹ کے سامنے جھوٹ بولنا ہے۔ نواز شریف کے پشاور جلسے سے خطاب پر عمران خان نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی مختلف ٹوئٹس کے ذریعے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ روز نواز شریف نے جمہوریت سے متعلق اپنا نظریہ واضح کیا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی نظر میں منتخب وزیراعظم کو ہر قسم کی کرپشن کی اجازت ہے، وہ منی لانڈرنگ کرسکتا ہے، ٹیکس بچاسکتا ہے، اثاثے بھی چھپا سکتا ہے اور پارلیمنٹ کے سامنے جھوٹ بھی بول سکتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ نواز شریف کی نظر میں وزیراعظم منتخب ہونے والا قانون سے بالا ہوتا ہے اور اسے ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے، پارٹی کے تخریب کاروں کی مدد سے سپریم کورٹ پر چڑھائی کرنے اور ججز کو پیسوں سے بھر ے بریف کیس دینے کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق اپنے خطاب کے دوران جھوٹ بولے، حقیقت یہ ہے صوبے میں 350 مائیکرو ہائیڈل اسٹیشن مکمل کیے گئے ہیں، خیبرپختونخوا سے متعلق نواز شریف کی لاعلمی شرمناک ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ عالمی ادارے بلین ٹری سونامی کی کامیابی کا اعتراف کرچکے، کوئی نواز شریف کو بتائے ڈبلیو ڈبلیو ایف بلین ٹری سونامی پروگرام کی آڈٹنگ کر چکا ہے۔
نااہلی کا فیصلہ عوام اپنی طاقت سے ختم کردیں، نوازشریف
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو چاہیے کہ وہ خیبرپختونخوا میں پولیس، صحت اور تعلیمی اصلاحات سے متعلق صوبے کے عوام سے پوچھیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور جلسے سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں آپ کا حکمران جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کا ماہر ہے، درختوں کے نام پر اربوں روپے خزانے سے نکالے گئے،کہاں گئے وہ پیسے اور کہاں ہے وہ اسکول اور یونیورسٹیاں جن کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا۔