خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کی یہ عادت رہی ہے کہ جب بھی اقتدار میں آتے ہیں سندھ کو نشانہ بناتے ہیں

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی یہ عادت رہی ہے کہ جب بھی اقتدار میں آتے ہیں سندھ کو نشانہ بناتے ہیں۔ سندھ میں پاورپراجیکٹ کو گیس فراہم نہ کرنا سندھ کو انتقام کا نشانہ بنانے کے مترادف ہے۔ نواز حکومت سندھ کو حق سے محروم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی وارننگ بالکل درست ہے۔ اگر گیس نہ ملی تو پائپ لائن کا کنٹرول سنبھالنے میں دیر نہیں کریں گے۔ صوبوں کو خودمختاری مل چکی ہے۔ نواز شریف کو من مانی نہیں کرنے دی جائے گی۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ شریفوں اور ان فقیروں کو چاہیے کہ آصف علی زرداری پر الزامات لگانے سے قبل آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی شکلیں دیکھیں کیونکہ پاناما نے شریفوں کے چہرے سے نقاب ہٹا دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے میڈیا آف سے جاری ہونے والے بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ لوٹ مار اور جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنا شریفوں کی بیماری رہی ہے۔ جتنے بھی پاور پراجیکٹ لگے ہیں وہ نواز شریف کے فرنٹ مینوں کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں اور ان کے فقیروں کے جھوٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جنرل مشرف سے کی ہوئی ڈیل سے صاف انکارکرتے رہے مگر جب دستاویز سامنے آئیں تو انتہائی منافقانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صرف پانچ سال کے لئے ڈیل کی تھی۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پانامااسکینڈل کی کڑیاں بھی نواز شریف اور مشرف کی ڈیل کا حصہ ہیں کیونکہ نواز شریف 70 صندوقوں میں رقم لے کر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ سنییٹر سعید غنی نے کہا کہ شریف خاندان کرپشن کا موجد اور جھوٹوں کی نانی ہے۔