خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کی 2 نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

نواز شریف کی 2 نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) نواز شریف کی جانب سے فلیگ شپ اور ہل میٹل ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں گرما گرم بحث ہوئی۔ نواز شریف اور نیب کے وکلاء میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی کے روبرو نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے اپنے دلائل میں کہا کہ احتساب عدالت نے ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کئے بغیر درخواستیں خارج کر دیں، فلیگ شپ اور ہل میٹل ریفرنس میں الزام، ملزم اور گواہ مشترک ہیں۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک جرم اور ایک جیسے جرم کو آپ ایک نہیں کہہ سکتے، آرٹیکل 13 کا مینڈیٹ کچھ اور ہے، اسے مکس نہ کریں۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں ریفرنسز میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست غیرمؤثر ہو چکی ہے۔ اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پھر تو ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روک دینا چاہئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔