خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کے بیانات کی میڈیا پرنشریات پر پابندی کے لیے درخواست دائر

نواز شریف کے بیانات کی میڈیا پرنشریات پر پابندی کے لیے درخواست دائر

لاہور:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیانات کی میڈیا پرنشریات پر پابندی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی تقاریر سے ملکی سالمیت کو خطرہ ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیانات کی میڈیا پرنشریات پر پابندی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست جاوید اقبال جعفری نے دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف مسلسل عدلیہ مخالف تقاریر کر رہے ہیں۔ دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی تقاریر سے ملکی سالمیت کو خطرہ جبکہ نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ مل رہا ہے ، ہائیکورٹ نے انہی وجوہات کی بنا پر قائد ایم کیو ایم کی تقاریر پر پابندی عائد کر رکھی ہے لہذا نواز شریف کی تقاریر کی نشریات اور اشاعت پر پابندی عائد کرے۔
نواز شریف سمیت 16ن لیگی رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کیلئے فل بنچ بھجوا دیا یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے میاں نواز شریف ، مریم نواز اور ن لیگی رہنماوں کے خلاف اسی نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرکے سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے رکھا ہے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بنچ دو اپریل سے درخواستوں کی سماعت شروع کرے گا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کے کیسز زیر سماعت ہیں ، رہنماؤں میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر ریلوے سعد رفیق ، وزیر مملکت طلال چوہدری اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز شامل ہیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا کاٹ چکے ہیں جبکہ ایک بار پھر نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں اور 26 مارچ کو ان پر دوبارہ فردِ جرم عائد کی جائے گی۔