خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کے حوالے سے زرداری نے یو نہیں رائٹ ٹرن لیا :گیلانی

ملتان:(اے پی پی)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے حوالے سے آصف زرداری نے یو نہیں بلکہ رائٹ ٹرن لیا ہے لیکن نیب کا سامنا کرنے کے باوجود آج بھی اداروں کا احترام کرتے ہیں ۔ ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نیب کا سامنا کیا اور آج بھی کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود اداروں کا احترام کرتے ہیں ، تاہم سیاست میں تشدد اور پیسہ نہیں ہو نا چاہیے جس کی وجہ سے پارٹیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بل کے حوالے سے اسمبلی کے فلور پر ہی پارٹی موقف دیں گے لیکن دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ ملنے پر شرمین عبید چنائے کو مبارکباد دیتے ہیں ۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی کے اسمبلی نہ آنے پر شدید تنقید کی اور اورنج ٹرین کے منصوبے کو عوام فلاحی منصوبوں کے منافی قرار دیا ۔