خبرنامہ پاکستان

نوید قمر اور چوہدری نثار میں نوک جھونک

نوید قمر اور چوہدری نثار میں نوک جھونک

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر اور چوہدری نثار کے درمیان میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر نوک جھونک ہوئی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوید قمر نے سوال اٹھایا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا گیا، ہمارے کئی ایسے کیسز ہوتے ہیں جس میں پہلے ہی نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں، ای سی ایل میں نام ڈالنے کا طریقہ کار کیا ہے۔ نوید قمر کے سوال پر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جواباً کہا کہ میرے دور میں میاں بیوی کےجھگڑے کے واقعے پر نام ای سی ایل میں ڈلوادیئے جاتے تھے، پھر میرے دور میں ای سی ایل کی پالیسی بدلی گئی، اب وزارت داخلہ کی کمیٹی ای سی ایل میں نام ڈالنے کافیصلہ کرتی ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ای سی ایل کے معاملے میں وزیر اور وفاقی سیکریٹری داخلہ کا کردار ختم کردیا تھا، ای سی ایل کمیٹی میرٹ پر فیصلے کرتی تھی اور نیب کی سفارشات پر سجنیدگی سے غور کیاجاتا تھا، کمیٹی نیب کی سفارشات پرعمل کرتی ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اگراس کیس میں نیب کی سفارشات کو نظرانداز کیا گیا ہے تو فیصلہ کہیں اور ہوا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے نوید قمر کے بیان پر رد عمل میں کہا ہےکہ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کوئی فائل نہیں آئی، شریف خاندان کے خلاف تمام مقدمات کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔