خبرنامہ پاکستان

نہال ہاشمی کو سپریم کورٹ میں آمد پر وکلاءگیٹ سے اندر جانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق سینیٹر و نو ن لیگی رہنما نہال ہاشمی ازخود نوٹس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ پہنچے تو پولیس اہلکار نے ان کووکلاءگیٹ پر روک لیا اور اندر نہ جانے دیا۔تفصیلات کے مطابق متنازعہ خطاب کے بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کے جواب میں نہال ہاشمی سپریم کورٹ میں داخل ہونے لگے تو اہلکار نے انہیں وکلاءگیٹ سے اندر جانے سے روک دیا اور مرکزی گیٹ سے پاس لیکر آنے کا کہا،جس پر نہال ہاشمی نے کہا کہ وکیل ہوں اس لئے اندر جانے دیا جائے،جس کے جواب میں پولیس اہلکار نے کہا کہ وکیل ہیں تو اپنا کارڈ دکھائیں۔اس موقع پر نہال ہاشمی کے ساتھ کھڑے شخص نے سکیورٹی اہلکار کو کہا کہ یہ سینٹر رہ چکے ہیں آپ کیا کررہے ہیں جس پر اہلکاروں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ کہ یہ سینیٹر رہ چکے ہیں اپنا وکالت کا کارڈ دکھائی تو اندر جانے دیا جائے گا ،اس کے بعد نہال ہاشمی دوسرے گیٹ پر گئے تو وہاں پر بھی اہلکاروں نے پوچھا کہ آپ کون ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ میں نہال ہاشمی ہوں ۔سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ نہال ہاشمی ہیں مگر اپنا کارڈ دکھائیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف خطاب کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے ان کے خلاف ازخود نوٹس لیا گیا تھا اور انہیں آج طلب کیا گیا تھا۔.