خبرنامہ پاکستان

نہال ہاشمی کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ

نہال ہاشمی کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ

لاہور:(ملت آن لائن) حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے نااہل سینیٹر نہال ہاشمی کی خالی نشست پر پولنگ پنجاب اسمبلی میں ہورہی ہے۔ سینیٹ ضمنی الیکشن کے لئے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے جہاں کسی بھی رکن کو موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں۔ نشست پر آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد اور تحریک انصاف کی ڈاکٹر زرقا کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے نشست پر پولنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹر اسد اشرف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے تاہم اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور بطور پارٹی صدر ان کے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر اسد اشرف کو آزاد امیدوار ڈیکلیئر کیا۔ صبح 9 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام چار بجے تک جاری رہے گی اور پولنگ کے دوران پنجاب اسمبلی کے اسٹاف کے ایوان میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیے جانے کے بعد وہ سینیٹ کی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔