خبرنامہ پاکستان

نہ نوازشریف مستعفی ہونگے اورنہ ہی میں تحریک انصاف چھوڑوں گا، قریشی

نیویارک(آئی این پی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نہ تو نواز شریف وزرات عظمی سے مستعفی ہوں گے اور نہ ہی میں تحریک انصاف چھوڑوں گا،پچ موجود ہوگی تو تحریک انصاف کھیلتی رہے گی،پچ اکھاڑ دی گئی تو کوئی بھی نہیں کھیل سکے گا،ہم جمہوری نظام کے تسلسل کے حامی ہیں،کسی غیر جمہوری قوت کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی صحافیوں سے بات چیت اور تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئی کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے متعلق یہ افواہیں پھیلائیں گئیں کہ میں پارٹی چھوڑ رہاہوں ایسی کوئی بات نہیں ہے میں پارٹی کے ساتھ ہوں اور پارٹی میرے ساتھ ہے،بعض عناصر اپنی دکان چلانے کیلئے میرے متعلق افواہیں پھیلاتے رہتے ہیں،ایسے عناصر کیلئے میں دعا گو ہوں کہ وہ سیدھے راستے پرآجائیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری تسلسل چاہتی ہے، کسی فوجی مداخلت کی حامی نہیں ہے اور اگر ایسا ہوا تو تحریک انصاف اس کی مذمت کرے گی،پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ پچ موجود ہوگی تو تحریک انصاف بھی کھیلتی رہے گی پچ کو اکھاڑ دیا گیا تو کوئی بھی نہیں کھیل سکے گا ہم جمہوریت کے خلاف نہیں ہیں،یہ باتیں غلط پھیلائیں گئیں ہیں کہ تحریک انصاف کسی کے اشارے پر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلارہی ہے،ہم پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے تحریک چلا رہے ہیں،ہم پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر سیدھی سمت چلنا چاہتے ہیں۔ہم ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی نیا الیکشن کمیشن قائم کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کے ممبران پر یہ قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آئندہ الیکشن کو صاف شفاف انداز میں کرائیں،قوم چاروں صوبائی ممبران سے توقع رکھتی ہے کہ وہ حلف کی پاسداری کریں اورالیکشن کے نظام کو شفاف بنائیں۔انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ 2018کے انتخابات کو اگر مشکوک سمجھا گیا تو پھر کسی طا لع آزماکو اقتدار میں آنے کا موقع مل جائے گا۔تقریب سے تحریک انصاف امریکہ کے رہنماؤں خاور بیگ مرزا،چوہدری آصف اور افضل گلبہار نے بھی خطاب کیا اور تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔(خ م+ط س)