خبرنامہ پاکستان

نیا پاکستان بنانے کے دعویدار پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں، شہبازشریف

لاہور(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں۔

شہباز شریف نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، نیا پاکستان بنانے کے دعویدار یہ عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں ،سیاست دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کا نام ہے اور پاکستان مسلم لیگ نے یہ خدمت بہت اچھے طریقے سے انجام دی ہے ، لوگ اب بھی نواز شریف سے محبت کرتے ہیں جب کہ ہم پر بے بنیاد الزامات لگانے والے سیاستدانوں کو ہر الیکشن میں شکست ہوئی ہے اور آگے بھی ہوگی ۔

شہباز شریف نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا نیازی صاحب نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ملکی ترقی کے خلاف سازش کی ، دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے پاکستان کئی سال پیچھے چلا گیا ہے ،تاہم باشعور عوام جھوٹ کے ماہر سیاستدان کی منفی سوچ اور انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور انہیں اب مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا،قوم ایسے سیاسی عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔