خبرنامہ پاکستان

نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت اسلام آباد کے تین مراکز میں رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت اسلام آباد کے تین مراکز میں جمعہ تک رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی اس پروگرام کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کم آمدنی والے افراد کیلئے قائم نادرا کے تین رجسٹریشن مراکز میں جمعہ تک 20 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرا لی ہے جبکہ رجسٹریشن کا یہ عمل ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ، فیصل آباد، سکھر، ڈیرہ اسماعیل خان، گلگت اور مظفر آباد میں بھی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ یہ عمل 21 دسمبر تک جاری رہے گا جبکہ اس میں مزید شہر بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔ رجسٹریشن کیلئے 250 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ نادرا کے رجسٹریشن مراکز پر رجسٹریشن کرانے والوں کی بڑی لائنیں اس پروگرام کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔