خبرنامہ پاکستان

نیب، ایف آئی اے اور وفاقی محکمہ آڈٹ نے پاکستان اسٹیل میں تحقیقات کا آغازکردیا

کراچی:(اے پی پی)پاکستان اسٹیل کو نیب، ایف آئی اے اور وفاقی آڈٹ ڈپارٹمنٹ کی بیک وقت انکوائریزکا سامنا ہے۔ قومی احتساب بیوروکی تحقیقاتی ٹیم نے بدھ کوسے پاکستان اسٹیل کے امور سے متعلق اپنی تازہ جانچ شروع کردی ہے۔ نیب کی 3 رکنی ٹیم نے بدھ سے پاکستان اسٹیل میں اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تحقیقات کے دوران نیب کی ٹیم کیلیے پاکستان اسٹیل کے آپریشنل بلڈنگ میں عارضی دفترکیلیے جگہ مخصوص کی گئی ہے۔ نیب کی ٹیم کے پاکستان اسٹیل میں پڑاؤاور شواہدو ریکارڈ اکھٹا کرنے سے متعلق پیشگی خبر’’ایکسپریس‘‘ نے منگل 15 مارچ کو شایع کی تھی۔ اس وقت پاکستان اسٹیل بدعنوانی، اربوں روپے کے خسارے اور قومی وسائل کے بے دریغ استعمال کی بناپر مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں کے زیر تفتیش ہے،ساتھ ہی وفاقی آڈیٹرنے بھی پاکستان اسٹیل سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران یوٹلیٹیزکی مد میں 1.6ارب روپے اور میڈیکل کی مد میں 31 کروڑ50 لاکھ روپے کے اخراجات سمیت،انوینٹری،مستقل اور عارضی ملازمین کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ایف آئی اے کا کارپوریٹ کرائم سرکل پہلے ہی انکوائری نمبر 34/5015کے تحت میڈیکل سپلائزمیں بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں طویل سوالنامہ ارسال کرچکاہے۔پاکستان اسٹیل کے آزادذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور نیب کی تحقیقات درست سمت میں جاری ہیں تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل کے معاملات سے چشم پوشی اورصرف جولائی سے دسمبرکے معاملات کا ریکارڈ طلب کیا جانا لیپا پوتی کے سوا کچھ بھی نہیں۔ موجودہ دور حکومت میں پاکستان اسٹیل کے واجبات اورخسارے کی مالیت میں 175 ارب روپے کااضافہ ہواہے اورمجموعی واجبات اورخسارے کی مالیت 375 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ وفاقی حکومت 2سال کے دوران 18.5 ارب روپے کے بیل آؤٹ کے علاوہ 19 ماہ کی تنخواہیں بھی سرکاری خزانے سے ادا کرچکی ہے،پلانٹ کی حالت خراب ہوچکی ہے،اگست 2013 میں پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیے 30ارب روپے کا فنڈ مانگا گیا تھا تاہم اربوں روپے کے خسارے، واجبات، بیل آؤٹ کے باوجود حالت بد سے بدتر ہورہی ہے۔ اس صورتحال میں گزشتہ 2سال کے کمرشل اور تکنیکی آڈٹ، بورڈاورانتظامیہ کی کارکردگی کا محاسبہ کیے جانے کے بجائے جولائی سے دسمبر کے ریکارڈ پر اکتفا کیاجارہا ہے۔ ادھر پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک کے مروّجہ قوانین اور قواعد و ضوابط پر یقین رکھتی ہے اور اپنے انتظامی اور مالی اُمورمیں شفاف طریقہ کار پر عمل پیراہے۔پاکستان اسٹیل میں انٹر نل آڈٹ کانظام نہ صرف بہترین انداز سے کام کررہاہے بلکہ اے اینڈپی ڈائریکٹریٹ میں سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے ماتحت اینٹی کرپشن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی سیل بھی اپنے فرائض اَحسن طریقے سے انجام دے رہا ہے۔