خبرنامہ پاکستان

نیب آئینی ادارہ ، جہاں چاہے کاررروائی کر سکتا ہے ،شہباز شریف کیوں گھبرا رہے ہیں؟ شاہ محمود قریشی

ملتان(آن لائن)تحریک انصاف کے سینئر رہنمااور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ایک آئینی ادارہ ہے اگر نیب پنجاب میں کارروائی کرتا ہے تو وزیر اعلیٰ پنجاب کو گھبراہٹ کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے، شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی تو ان کا واویلا بلا جواز ہے،سربراہ جمعیت علمائے اسلام(ف) فضل الرحمان اگر تحفظ نسواں بل پر نالاں ہیں تو قلمدان چھو ڑ دیں،ایم کیو ایم کے سابق رہنما و سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کا بیان بہت اہم ہے وفاقی حکومت فوری طور پر جوڈیشل کمیشن کا اعلان کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو ایک آئینی ادارہ ہے جس کو پورا حق ہے کہ پورے ملک میں جہاں کچھ غلط نظر آئے اس کے خلاف کار روائی کرے اور نیب اگر پنجاب میں کارروائی کرنے جا رہی ہے تو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گھبراہٹ کا شکا ر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مصطفی کمال کے بیان پر وفاقی حکومت سے فوری طور پر نوٹس اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ پتہ چل سکے انکے انکشافات میں کتنی سچائی ہے اور اگر وہ سچ کہہ رہے ہیں تو ذمہ داروں کے خلا ف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے،انہوں نے کہا مصطفی کمال نے جو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ بہت اہمیت کا حامل ہے جس کو نظر اندازنہیں کرنا چاہیے۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کے تحفظ نسواں بل بیانا ت کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اگر نسواں بل پر تحفظات ہیں تو وہ اور ان کے وزرا قلمدان چھوڑ دیں اور حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کریں