خبرنامہ پاکستان

نیب ایف آئی اے نے کام نہیں کرنا تو ان کو بند کردیتے ہیں :چیف جسٹس

اسلام آباد (ملت+اے پی پی) سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ اگر نیب اور ایف آئی اے نے کام نہیں کرنا تو ان کو بند کردیتے ہیں ۔ سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام فریقوں کے دلائل کو سن کر فیصلہ کرنا ہے ، اگر عدالت محسوس کرے گی کہ قوم ادارے اپنا کام نہیں کر رہے تو اس کے بعد ہی اس کیس میں کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں آنے والے تمام افراد کا احتساب کیا جائے ، کیونکہ وزیر اعظم نے 16 مئی کو قوم سے خطاب کے دوران اپنے جن اثاثوں کی تفصیلات پیش کیں وہ ان کے بیٹے حسین نواز کی جانب سے پیش کی جانے والی دستاویزات کے ساتھ مماثلت نہیں رکھتا ۔