خبرنامہ پاکستان

نیب خود نہیں چاہتا کہ بدعنوانوں کو سزائیں ملیں، چیف جسٹس

اسلام آباد:(اے پی پی) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا ہے کہ نیب ملزمان کے خلاف دوستانہ کاروائیاں کرتا ہے تاکہ وہ عدالتوں سے رہا ہو جب کہ نیب خود نہیں چاہتا کہ بدعنوانوں کو سزائیں ملیں۔ سپریم کوٹ میں بدعنوانی کے الزام میں زیر حراست نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے سابق چیف انجنیئرعنایت حسین کی ضمانت کی منسوخی کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس میں ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ نیب خود نہیں چاہتا کہ بدعنوانوں کو سزائیں ملیں کیوں کہ نیب ملزمان کے خلاف دوستانہ کاروائیاں کرتا ہے تاکہ وہ عدالتوں سے رہا ہوں اور انہیں عدالتوں سے بے گناہی کے سرٹیفکیٹ ملے۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ معاملہ ایک سال سے نیب کے پاس ہے لیکن ریفرنس ابھی تک نہیں بن سکا۔ عدالت عظمٰی کے ڈویژن بینچ نے نیب کے جواب کو مقدمے کے ریکارڈ پر نہ لانے پر رجسٹرار آفس سے وضاحت طلب کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔