خبرنامہ پاکستان

نیب ریفرنسز: نوازشریف کو جو چاہیےتھا مل گیا

نیب ریفرنسز: نوازشریف کو جو چاہیےتھا مل گیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) احتساب عدالت نے شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کیس میں نواز شریف کو ایک ہفتے کا استثنیٰ دے دیا گیا جبکہ مریم نواز کی استثنیٰ کے لیے دائر درخواست مسترد کر دی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی اور داماد کے ہمراہ دوسری بار اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے رو برو پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک کے لئے ملتوی کر دی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ تینوں ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے، 12 بجے کے قریب ہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ فیصلہ سنا دے گا۔ وکیل نواز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت کل تک ملتوی کر دی جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا فیصلہ آتا ہے یا نہیں آتا گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنا طے ہوا تھا، گواہ موجود ہیں بیانات ریکارڈ کیے جائیں۔ جس پر عدالت نے سماعت ایک بجے تک ملتوی کی تھی۔ سابق وزیراعظم کی استدعا پر عدالت نے گذشتہ پیشی پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کر دی تھی۔ سابق وزیر اعظم نے ریفرنسز یکجا کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں بھی ایک اور درخواست دائر کی ہے۔ جس میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات اور ان کے خلاف اپیل کو چیمبر میں سماعت کے بعد مسترد کرنے کو چیلنج کیا گیا ہے۔