خبرنامہ پاکستان

نیب زدہ لوگ اِس کی کارکردگی متنازعہ بناکر محفوظ راستہ تلاش کرنا چاہتے ہیں:لیاقت بلوچ

اوکاڑہ(آئی این پی) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنمالیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نیب زدہ لوگ اِس کی کارکردگی متنازعہ بناکر محفوظ راستہ تلاش کرنا چاہتے ہیں ۔نیب میں اگر کچھ خامیاں تھیں تو حکومت نے پہلے قانون سازی کیوں نہ کی ،بے وقت کی راگنی بجاکر کرپشن زدہ لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔وہ صحافیوں سے ٹیلی فونک بات چیت کررہے تھے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اس ملک میں کرپشن اور لٹیروں کے خلاف بھرپور آواز بلندکی ہے اور وہ اَب بھی اُن کے کڑے احتساب کا مطالبہ رکھتی ہے ۔ مگر بدقسمتی سے ماضی میں نیب نے بھی وہ کردار ادا نہیں کیا جو ہونا چاہئے تھا جس کی وجہ سے یہاں پر برسراقتدار لوگوں نے قومی دولت کو سمیٹنا اپنا حق سمجھ لیا۔ اگر یہ ادارہ غیر جانبداری کے ساتھ اپنا کام کرتاتو آج حالات بالکل مختلف ہوتے لیکن اس کے باوجود اَب اگرکچھ لوگوں کے خلاف کاروائی ہونے لگی تو حکمرانوں کو اپنے منصب کا احترام کرتے ہوئے مکمل خاموشی رکھنا چاہئے تھی اور وزیراعظم پاکستان کو اس طرح پبلک میں نیب کے چےئرمین کو تنبیہ نہیں کرنی چاہئے تھی جو کہ آئین اورقانون کی رو سے بھی مناسب بات نہیں لگتی ۔ملک میں لٹیروں ،چوروں اور غاصبوں کے خلاف غیرجانبدارانہ کڑا احتساب ہونا چاہئے اور قومی دولت لوٹنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کرنی چاہئے جن کی وجہ سے آج ملک وقوم بدحالی کا شکار ہوئے ہیں ۔